واشنگٹن ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج پاکستان سے کہا ہیکہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کئے گئے اپنے وعدہ کی پابندی کرے اور دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پر محفوظ ٹھکانے فراہم نہ کرے اور ایسے حالات پیدا کرے کہ ان کی (دہشت گردوں) رسائی فنڈس تک نہ ہوسکے کیونکہ سارا جھگڑا فنڈس کا ہی ہے۔ دہشت گرد اگر مالی طور پر مستحکم ہوں گے تو وہ دہشت گردانہ کارروائیاں ڈھٹائی سے انجام دیں گے اور جب ان کی مالی امداد روک دی جائے اور ان کے کھانے پینے کے جب لالے پڑجائیں تو ساری دہشت گردیاں دھری کی دھری رہ جائیں گی۔ یاد رہیکہ امریکہ نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب چہارشنبہ کو ہندوستان نے پاکستان کو پلوامہ دہشت گرد حملوں میں جیش محمد کے ملوث ہونے کے شواہد حوالے کئے تھے۔ مذکورہ حملہ میں سی آر پی ایف کے زائداز 40 جوان شہید ہوگئے تھے۔ وزارت امورخارجہ نے یہ شواہد پاکستان کے کارگزار ہائی کمشنر کے حوالے کئے تھے۔ امریکہ نے ہندوپاک دونوں سے ہی یہ خواہش کی ہیکہ سرحد پار تمام فوجی سرگرمیوں کو مسدود کردیا جائے تاکہ حالات دوبارہ معمول پر لوٹ آئیں۔