پاکستان ، ہندوستان کو طویل جنگ کے لئے مجبور کررہا ہے

مودی حکومت کی سفارتی کوششوں سے پاکستان یکا وتنہا، امیت شاہ کا بیان
کوزی کوڈ ۔ /25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اُری دہشت گرد حملہ کو پاکستان کی جانب سے ہندوستان کو طویل جنگ کے لئے مجبور کردینے کی کوشش قرار دیتے ہوئے صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہا کہ یہ حملہ سکیورٹی فورسیس کی جانب سے دراندازی کی 17 کوششوں کو ناکام بنانے کے بعد مایوسی کے عالم میں کیا گیا تھا ۔ بالآخر ہندوستان کی ہی کامیابی ہوگی ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے خیالات کی عکاسی کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ دہشت گرد حملوں کے لئے ذمہ دار افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی ۔ ہندوستان نے پاکستان کی اسپانسر کردہ دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینا شروع کیا ہے ۔ پارٹی کے قومی کونسل میں اپنے افتتاحی خطاب میں امیت شاہ نے کہا کہ پارٹی کا احساس ہے کہ پاکستان کے خلاف اب ملک بھر میں برہمی پھیل رہی ہے ۔ پاکستان کو یکا و تنہا کرنے مودی حکومت کی سفارتی کوششوں کی حمایت کی جارہی ہے ۔ اس جلسہ میں وزیراعظم مودی اور بی جے پی کے اعلیٰ قائدین بھی موجود تھے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ مودی دہشت گرد حملہ کے پیچھے سازش کرنے والوں کے خلاف عوام کے اندر غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ دہشت گردوں نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران سرحد پر سے دراندازی کرنے کی 17کوششیں کی تھیں ۔ ہمارے بہادر سپاہیوں نے جان پر کھیل کر ان کوششوں کو ناکام بنایا تھا ۔ اس سے مایوس ہوکر پڑوسی نے ہم پر حملہ کردیا ۔ اُری پر حملہ پاکستان کی ٹرانزٹ منزل ہے ۔ حتمی نتیجہ نہیں ہے قطعی فتح تو ہماری ہوگی ۔