اسلام آباد 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہاکہ وہ
تھنڈر لڑاکا جیٹ طیارے اور تربیت دینے والے طیارے سعودی عرب کو فروخت کرنے کوشاں ہیں۔JF-17
تاہم پاکستان نے اِن خبروں کو مسترد کردیا کہ وہ تیل کی دولت سے مالامال ملک کے لئے نیوکلیر تعاون فراہم کرنے والا ہے۔ سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز السعود پاکستان کا 15 تا 17 فبروری دورہ کرنے والے ہیں۔ اِس دورہ کے موقع پر امکان ہے کہ گہرے صیانتی اور دفاعی تعاون پر بات چیت کی توجہ مرکوز ہوگی جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قائم کئے جائیں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہاکہ ولیعہد شہزادہ پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ دفاعی تعاون پر خصوصی بات چیت کریں گے۔ پاکستان،سعودی عرب کو JF-17 تھنڈر لڑاکا جیٹ طیارے جو چینی ساختہ ہیں اور تربیتی مشق کے لئے مشک طیارے اور دیگر آلات فروخت کرنے سے گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ تسنیم اسلم نے مغربی ذرائع ابلاغ کی تازہ ترین خبروں کو مسترد کردیا جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب نیوکلیر تعاون کے منتظر ہیں۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہاکہ یہ خبریں بے بنیاد ہیں۔ یہ ولیعہد شہزادہ کا اوّلین دورۂ پاکستان ہے۔