واشنگٹن ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے پاکستان سے کہا ہے کہ سرعت سے کام کرتے ہوئے ایسا قانون بنائے جو باقاعدہ طور پر حافظ سعید زیرقیادت جماعۃ الدعوہ اور ایف آئی ایف دونوں پر پابندی عائد کرے۔ اِس نے دونوں تنظیموں پر امتناع کی حالیہ برخاستگی پر تنقید بھی کی اور کہاکہ اِس طرح کا اقدام دہشت گردی سے لڑائی کے لئے اسلام آباد کے عہد کے مغائر ہے۔ امریکہ نے کہاکہ جماعۃ الدعوہ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر امتناع ہٹادینے سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت دہشت گردی سے لڑنے کے لئے پاکستان کے وعدوں پر اثر پڑے گا۔ ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ جماعۃ الدعوہ اور ایف آئی ایف پر امتناع ختم ہوجانا فینانشیل ایکشن ٹاسک فورس کے ساتھ تعاون کے لئے پاکستان کے عہد کا مغائر ہے۔ یہ ٹاسک فورس دہشت گردی کو فینانس کی فراہمی کے تدارک کے لئے کام کررہی ہے۔ ممبئی حملے کے سرغنہ حافظ سعید کی جماعۃ الدعوہ اور ایف آئی ایف اب پاکستان میں ممنوعہ تنظیموں کی فہرست میں باقی نہیں رہے ہیں۔