پاکستان ، بنگلہ دیش کے اقلیتوں کو شہریت یا طویل مدتی ویزا

حکومت پابند عہد ، لوک سبھا میں مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو کا بیان
نئی دہلی ۔ 4 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا ہے کہ وہ پڑوسی ممالک جیسے پاکستان اور بنگلہ دیش کے اقلیتوں کو جو ظلم کا شکار ہیں ، طویل مدتی ویزا یا شہریت کی فراہمی کیلئے پابند عہد ہے۔ منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کرن رجیجو نے لوک سبھا کو بتایا کہ بنگلہ دیش ، پاکستان اور افغانستان سے اقلیتی فرقہ کے ارکان ہندوستان آتے ہیں تاکہ یہاں کی شہریت یا طویل مدتی ویزا حاصل کیا جاسکے ۔ بنگلہ دیش سے یہاں آنے والے اکثر لوگوں کے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہوتے ۔ پاکستان اور افغانستان سے لوگ غیرکارآمد دستاویزات پر یہاں آتے ہیں ۔ ہم انھیں طویل مدتی ویزا یا شہریت کی فراہمی کیلئے پابند عہد ہیں۔ اس کے لئے ہم نے پہلے ہی آسان عمل شروع کردیا ہے۔ رجیجو نے کہا کہ حکومت کو پڑوسی ممالک میں مذہبی اقلیتوں کے موقف پر تشویش ہے لیکن وہ ایوان میں پالیسی بیان نہیں دے سکتی ۔

 

پالیسی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہیں : ریزرو بینک
ممبئی ۔ 4 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک نے پالیسی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور گورنر رگھورام راجن نے کہاکہ افراط زر اپنی آخری سطح تک پہنچ چکا ہے جبکہ بینکوں نے پیشرو کٹوتی کے فوائد اب تک نہیں پہنچائے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ریزرو بینک نے 2015 ء میں اب تک 25 پوائنٹس کی بنیاد پر تین مرتبہ شرحوں میں کمی کی ہے ۔