کراچی ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ ٹی 20 میں ہند ۔ پاک میچ پر غیر یقینی کیفیت کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان کو آج بی سی سی آئی سربراہ سشانک منوہر نے فون کیا اور انہیں تیقن دیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی سی سی ٹورنمنٹ میں ہر ممکن سکیوریٹی فراہم کی جائیگی ۔ پی سی بی کے ایک عہدیدار کے بموجب مسٹر منوہر نے شہریار خان کو آج فون کیا کیونکہ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی سکیوریٹی پر تشویش ظاہر کی تھی ۔ ہماچل پردیش حکومت نے اس میچ کیلئے سکیوریٹی فراہم کرنے سے معذوری کا اظہار کیا تھا ۔ یہ میچ 19 مارچ کو ہونے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر منوہر نے سکیوریٹی مسئلہ پر پاکستان بورڈ سربراہ کو تیقن دیا ہے ۔