پاکستانی پناہ گزینوں کو اِگنو میں داخلے سے انکار

نئی دہلی۔ 5  اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دو ہندو پناہ گزین افراد نے اِگنو میں داخلے کیلئے وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج سے مدد کی خواہش کی ہے۔ اسٹوڈنٹس ویزا نہ ہونے پر اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اِگنو) نے ان دو چچازاد (کزنس) بھائیوں کو داخلہ سے انکار کیا ہے۔ کویش کمار اور وکیش کمار نے سیول رائیٹس گروپس سے رجوع ہوکر ذریعہ ٹوئٹر سشما سوراج کو تفصیلات سے واقف کروایا۔ اگنو کے ایک عہدیدار نے اس بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ موجودہ قواعد داخلے کی اجازت نہیں دیتے۔ اس کیلئے سفارت خانہ سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔
لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی فائرنگ
جموں ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر فوجی چوکیوں کو مارٹر بم شلباری کا نشانہ بناتے ہوئے آج بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ۔ ہندوستانی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پاکستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی یہ چوتھی خلاف ورزی تھی۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے آج صبح 9 بجے کے وقت چھوٹے ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ شروع کردی اور آٹومیٹک اور مارٹر شیلس بھی داغے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ چوکیوں پر تعینات فوج نے جوابی کارروائی کی اور آخری اطلاعات ملنے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔