اسلام آباد 26 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج کہا کہ ایک علیحدگی پسند خاتون لیڈر کی جانب سے کشمیر میں قومی دن پاکستان کے موقع پر پاکستانی پرچم لہرائے جانے کا واقعہ کشمیریوں کے جذبات اور پاکستان کے تئیں ان کی محبت کا عکاس ہے ۔ کشمیری علیحدگی پسند لیڈر آسیہ اندرابی کے خلاف مقدمہ درج کئے جانے کے واقعہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ کشمیری پرچم لہرایا جانا کشمیری عوام کے جذبات اور پاکستان کے تئیں ان کی محبت کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ کشمیر ی عوام کو دبایا کچلا جا رہا ہے ۔ تسنیم اسلم نے الزام عائد کیا کہ کشمیر کے عوام کو ان کے خیالات اور جذبات کے اظہار کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے اور پاکستان ان کے کاز کیلئے اخلاقی سیاسی اور سفارتی تائید فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ آسیہ اندرا بی نے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر سرینگر میں پاکستانی پرچم لہرایا تھا ۔ ان کے خلاف انسداد غیر قانونی سرگرمیاں قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد اس معاملہ میں مزید کارروائی کی جائیگی ۔ ہندوستان کی جانب سے سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ میں مہلوک دو بچوں کی قبروں پر ایک پاکستانی خاندان کو جانے کی اجازت نہ دئے جانے سے متعلق سوال پر تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان اس افسوسناک صورتحال اور عدم حساسیت کے رویہ سے واقف ہے ۔