پاکستانی وزیر اپریل فول بن گئے

اسلام آباد ۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیر داخلہ رحمن ملک اپریل فون بن گئے جب کہ انہوں نے ایک جھوٹی خبر پر ردعمل ظاہر کیا جس میں اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کو صدر چین ژی جن پنگ سے موسوم کرنے کی اطلاع دی گئی تھی ۔ روزنامہ ’’ ایکسپریس ٹریبون ‘‘ نے کل ایک جھوٹی  خبر شائع کی تھی ‘ یہ درحقیقت  یوم اپریل فون کا مذاق تھا ۔ خبر کے بموجب حکومت نے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو صدر چین ژی جن پنگ کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ کئی گھنٹوں بعد یہ مذاق سنجیدہ نوعیت اختیار کرگیا ۔ سابق وزیر داخلہ ملک نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو صدرچین سے موسوم کرنے کے بارے میں شدید ذہنی تحفظات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ کو مقتول قائد بے نظیر بھٹو سے موسوم کرنا چاہیئے جو پاکستان پیپلز پارٹی کی قائد تھیں ۔ انہوں نے حکومت کو انتباہ دیا کہ ان کی پارٹی اس مسئلہ کو انتہائی سطح تک لے جائے گی ‘ اگر ایئرپورٹ کا نام تبدیل نہ کیا جائے ۔