اسلام آباد۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) دفتر خارجہ نے اس رپورٹ کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان آئندہ پانچ سے 10 برسوں کے دوران امریکا اور روس کے بعد نیوکلیر ذخائر رکھنے والا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کے مطابق پاکستان جوہری ریاست کے اعتبار سے انہتائی ذمہ دار ملک ہے اور ان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ دفتر خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان کا نیوکلیر پروگرام صرف جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لئے ہے۔ دفتر خارجہ کیمطابق پاکستان کے جوہری ذخیروں میں اضافے کی اطلاعات بے بیناد ہیں، ایسی رپورٹس ظاہر کرکے ہندوستان کی بڑھتی ہوئی جوہری قوت سے توجہ ہٹانا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نیوکلئر سپلائیر گروپ کے ساتھ انڈیا کی جوہری ڈیلز کے نتیجے میں خطے کو غیر مستحکم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔