پاکستانی نژاد برطانوی جہادی نوجوان کو 12سال کی جیل

لندن 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نژاد 27 سالہ برطانوی جہادی جو اپنی فرضی موت ظاہر کرکے شام میں داعش کے عسکریت پسندوں کے ساتھ ٹریننگ کے بعد برطانیہ واپس ہوا تھا، اُسے آج دہشت گردی سے متعلق الزامات پر 12 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عمران خواجہ جس کے آئی ایس (داعش) کے جلاد جہادی جان کے ساتھ قریبی روابط ہیں، وہ اسلامک اسٹیٹ کی طرف سے آن لائن پیش کردہ ویڈیوز میں نمودار ہوا کرتا تھا۔ گزشتہ ماہ اُس نے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا تھا، جن میں کیمپ میں شرکت، ٹریننگ کا حصول اور آتشیں اسلحہ قبضہ میں رکھنا شامل ہے۔ عمران کوگزشتہ جون ڈاور میں گرفتار کیا گیا تھا۔