پشاور 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً ایک لاکھ افراد گڑبڑ زدہ قبائیلی علاقہ شمالی وزیرستان سے فرار ہوچکے ہیں جبکہ اِس علاقہ میں کرفیو میں نرمی اختیار کی گئی۔ جبکہ پاکستانی فوج نے طالبان کے خلاف بھرپور جارحانہ کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ پاکستانی فوج نے زمینی اور فضائی جارحانہ کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ سے مربوط عسکریت پسندوں کے معلوم خفیہ ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔ مسلح افواج کے ہاتھوں تاحال اِس کارروائی کے دوران 200 سے زیادہ عسکریت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔ اتوار کے دن کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک تقریباً ایک لاکھ افراد گڑبڑ زدہ علاقہ سے تخلیہ کرکے محفوظ مقامات منتقل ہوگئے۔ جبکہ 6 دن کے کرفیو کے بعد آج نرمی دی گئی تھی۔ ہنوز ہزاروں افراد متاثرہ علاقہ کو چھوڑ کر محفوظ خطوں کو منتقل ہونا چاہتے ہیں۔