اسلام آباد، 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغان سرحد کے قریب پاکستانی قبائلی علاقے میں امریکی ڈرون طیارے کے ایک حملے میںچھ مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستانی انٹلیجنس کے ایک اہلکار نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ بغیر پائلٹ کے طیارے نے شمالی وزیرستان میں ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی تاہم فوجی حکام کے مطابق ان میں ایک ’ہائی ویلیو ٹارگٹ‘ بھی موجود ہے۔ دوسری طرف پشاور حملے کے بعد پاکستانی فوج کی جانب سے بھی شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ پاکستان آرمی نے بھی منگل کے طالبان حملے کے بعد اپنے آپریشنس میں شدت پیدا کردی ہے۔