پاکستانی فوج نے ہندوستان کا گلا دبوچ لیا تھا : مشرف

کراچی ۔ /17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق فوجی حکمراں جنرل پرویز مشرف نے کارگل جنگ کی یاد تازہ کرتے ہوئے آج کہا کہ پاکستانی فوج نے ’’ہندوستان کا گلا دبوچ لیا تھا ‘‘ اور ہندوستان اس جنگ کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے آج آل پاکستان مسلم لیگ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسری فورس پوری طرح تیار تھی اور اس نے بھی ہندوستان کا گلا دبوچ لیا تھا ۔ بعد ازاں اس فورس کو فوج کا موقف دیا گیا ۔ پرویز مشرف کو 1999 ء کارگل جنگ کا ماسٹر مائینڈ کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ کارگل جنگ کو یاد رکھے گا ۔ ہم چار مقامات سے کارگل میں داخل ہوئے جس سے ہندوستان بے خبر تھا ۔ سابق فوجی سربراہ نے کہا کہ مجوزہ مجالس مقامی انتخابات میں ان کی سیاسی پارٹی حصہ لے گی ۔