نیویارک ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ ایسے 103 پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس کو فیس بک سے ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے جن کا تعلق پاکستان کی فوج کے شعبہء تعلقات عامہ سے تھا۔فیس بک نے کہا ہے کہ انہوں نے ایسے فیس بک اور انسٹاگرام کے اکاؤنٹس کو ختم کر دیا ہے جو پاکستانی سیاست، سیاسی رہنماؤں اور پاکستانی فوج کے بارے میں معلومات پھیلاتے ہیں۔ فیس بک کے سکیورٹی کے سربراہ ناتھانیئل گلائیشر نے ایک بیان میں کہا ہے،’’ آج ہم نے ایسے 103 پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس کو ختم کر دیا ہے جو ایک ایسے نیٹ ورک کا حصہ تھے جو پاکستان سے چلایا جا رہا تھا۔‘‘ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر چہ اس ساری سرگرمی میں ملوث افراد نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی تھی، ہماری تحقیقات سے یہ پتا چلا ہے کہ ان اکاؤنٹس کا تعلق پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر سے تھا۔‘‘اس معاملے پر روئٹرز نے آئی ایس پی آر سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ فیس بک کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسے دنیا بھر سے اس کے پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے جانے کے الزمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ فیس بک کے مطابق 24 پیجز، 57 اکاؤنٹس اور 7 گروپس کے کل 2.8 ملین فولوورز تھے۔ اس کے علاہ انسٹاگرام سے 15 اکاؤنٹس کو بھی حذف کیا گیا ہے۔