پاکستانی فوج اپنا ہیڈکوارٹرس اسلام آباد منتقل کریگی ؟

اسلام آباد ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی طاقتور فوج جو اپنا جنرل ہیڈکوارٹرس تبدیل کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے لہذا اب ملک کے دارالخلافہ میں اس مقصد کے لئے 1000 ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرس راولپنڈی سے اسلام آباد منتقل کیا جائے گا ۔ یاد رہے کہ قبل ازیں 2008-09 میں بھی پاکستانی فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز کو منتقل کرنے کا منصوبہ ترک کیاجاچکا ہے کیونکہ اس وقت کے فوجی سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے فنڈس کی کمی کی وجہ سے ہیڈکوارٹرس کو منتقل کرنے کا منصوبہ ترک کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ تاہم اب صورتحال بالکل بدل چکی ہے اور فوج اپنا جنرل ہیڈکوارٹرس کسی بھی قیمت پر منتقل کرنے کی خواہاں ہے اور اراضی کا حصول عاجلانہ طورپر کئے جانے کی آرزومند ہے تاکہ تعمیراتی کام بھی جلد سے جلد شروع کیا جاسکے ۔ اس سلسلہ میں 19 ڈسمبر کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا جس کی صدارت اسٹیٹ آف دی کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (CDA) کے رکن خوشحال خان نے کی ۔ اجلاس کا انعقاد ڈیفنس کامپلکس میں کیا گیا تھا جہاں فوجی عہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔