پاکستانی فوجی سربراہ کا تبصرہ اشتعال انگیز اور جارحانہ

ہندوستان میں صریح مداخلت کے مترادف،کانگریس اور بی جے پی کا ردعمل
نئی دہلی ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج پاکستانی فوجی سربراہ راحیل شریف کے اس بیان پر شدید تنقید کی جس میں انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ۔بی جے پی نے سیول حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس علاقہ میں امن کی برقراری کیلئے ایسے اشتعال انگیز اور جارحانہ بیانات پر روک لگائیں۔ بی جے پی ترجمان نرملا سیتارامن نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ جاننا چاہا کہ آخر کس مناسبت سے یہ بیان دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا یہ موقف ہیکہ جموں کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور اس طرح کے بیانات ملک میں صریح مداخلت کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پاکستانی فوجی سربراہ کے جارحانہ اور اشتعال انگیز تبصرہ کی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی سربراہ کے اس بیان کو پوری طرح مسترد کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ملک کو پرامن بنانے پر توجہ مرکوز کریں اور اس کی فوج کو علاقہ میں امن کیلئے خطرہ نہ بننے دیں۔ بی جے پی کو اس طرح کے بیانات پر تشویش ہے جو اچھے پڑوسی بننے میں معاون نہیں ہوتے۔ اس دوران کانگریس نے بھی پاکستانی فوجی سربراہ کے تبصرہ کی مذمت کی۔ وزیرفینانس پی چدمبرم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی جنرل کے ریمارکس ماضی میں پڑوسی ملک کی جانب سے جاری کئے جانے والے بیانات سے کوئی مختلف نہیں ہے اور ہمیں انہیں زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ جموں کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور رہے گا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ دنیا میں کسی کو بھی اس بارے میں شبہ کی گنجائش نہیں۔