پاکستانی فضائیہ کے طیارے نیپال روانہ

اسلام آباد ؍ پشاور ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہمالیائی مملکت نیپال میں آئے ہلاکت انگیز زلزلہ کے متاثرین کیلئے پاکستانی فضائیہ کے چار طیارے بچاؤ اور راحت کاری سامان لیکر روانہ ہورہے ہیں۔ دریں اثناء انٹر سرویسیس پبلک ریلیشنر (ISPR) نے بتایا کہ C-130 چار طیارے اپنے ساتھ 30 بستروں والا ایک ہاسپٹل اور ساتھ ہی ساتھ تلاشی اور بچاؤ کاری کی خصوصی ٹیموں اور راحت کاری کے سازوسامان کے ساتھ اتوار کو نیپال روانہ ہوچکے ہیں۔ دوسری طرف ڈان آن لائن نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کی اپنے نیپالی ہم منصب سشیل کوئرالا سے فون پر بات چیت ہوئی جس کے فوری بعد نواز شریف نے انسانی بنیادوں پر مندرجہ بالا انتظامات کئے۔ پاکستانی افواج کی تلاشی اور بچاؤ ٹیم کو ملک بھر میں سب سے زیادہ ماہر اور چاق و چوبند تصور کیا جاتا ہے جو آفات سماوی کے دوران متاثرہ افراد کو راحت پہنچانے اور لاپتہ لوگوں کو تلاش کرنے کا طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کے پاس کنکریٹ کاٹنے والے بڑے بڑے اوزار ہیں اور زمین کے اندر (پاتال) کی کھوج لگانے والے راڈار بھی موجود ہیں اور انہیں ملبہ میں پھنسے ہوئے افراد کو ڈھونڈ نکالنے اور انہیں بحفاظت نکالنے کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ ہفتہ کو آئے زلزلہ میں ہلاکتوں کی تعداد کا ہنوز قطعی اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے کیونکہ نعشوں کے ملنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور ان میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔