جموں 29 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک پاکستانی طیارہ‘ سمجھا جاتا ہے کہ ‘آج ہندوستانی فضائی حدود میں گھس آیا ۔ یہ واقعہ جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں پیش آیا ۔ تاہم یہ طیارہ چند منٹ کے اندر اپنے حدود میں واپس لوٹ گیا ۔ یہ طیارہ کم بلندی پرپرواز کر رہا تھا اور سرحدات کی نگرانی پر معمور بی ایس ایف نے اس کو دیکھ کر اطلاع دی ۔ اپنی رپورٹ میں بی ایس ایف نے کہا کہ چھ ونگ والا سلور رنگ کا طیارہ اس کے سرحدی ٹھکانہ سے دیکھا گیا تھا جو ہندوستانی فضائی حدود میں دن میں ایک بجکر 10 منٹ پر گھس آیا تھا اور بہت جلد یہ واپس بھی ہوگیا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ذرائع نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک رپورٹ دہلی میں بی ایس ایف کے ہیڈ کوارٹر کو روانہ کردی گئی ہے ۔ بی ایس ایف نے انڈین ائر فورس سے اس رپورٹ کی صداقت کی جانچ کرنے کو کہا ہے کیونکہ یہ طیارہ صرف ایک اہلکار اور کچھ شہریوں نے دیکھا تھا جو قریب میں کام کر رہے تھے ۔ تاہم ائر فورس نے کہا کہ اس کے راڈار میں ایسا کوئی سگنل موصول نہیںہوا ہے ۔