پاکستانی طالبان گروپ کی اب افغانستان پر نظر

اسلام آباد ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تحریک طالبان پاکستان میں شامل مضبوط گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب اپنی کارروائیوں کا مرکز پاکستان کی بجائے افغانستان کو بنائے گا۔ پنجابی طالبان نامی اس گروہ کے اعلان سے واضح ہوتا ہے کہ یہ گروہ بھی تحریک طالبان پاکستان کی سرپرستی سے نکل گیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز لشکر احرار نامی گروہ نے بھی پاکستانی طالبان سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ سربراہ پنجابی طالبان عصمت اللہ معاویہ نے مختلف میڈیا چینلز کو فیکس میں کہا کہ اب وہ افغانستان میں عملی جہاد پر توجہ مرکوز کریں گے۔ تاہم یہ بات واضح نہیں کہ اس گروہ کے اعلان کی وجہ کیا ہے۔ پاکستانی فوج شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف بڑی کارروائیوں میں مصروف ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ تاحال سینکڑوں عسکریت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔