پاکستانی طالبان جنگ بندی کیلئے تیار

اسلام آباد 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی طالبان نے اصولی طور پر جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے اس خصوص میں وہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اعلان کریں گے۔شمالی وزیر ستان علاقہ سے پاکستانی فوج کی دستبرداری اور قیدیوں کی رہائی سے متعلق مطالبہ پیش کیا ہے۔ ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان کے سیاسی شوری یا کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جنگ بندی کیلئے حکومت کے مطالبہ پر غور و خوض کیا گیا۔ حکومت پاکستان طالبان سے بات چیت کرتے ہوئے امن کی برقراری کو یقینی بنانے کیلئے زور دے رہی تھی۔ ٹی وی نیوز چینلوں نے شوری کونسل کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ طالبان کے شوری نے اصولی طور پر جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے۔ طالبان کا مطالبہ تھا کہ لاء قانونیت والے شمالی وزیر ستان اور قبائیلی خطہ سے فوج کو واپس طلب کرلیا جائے اس کے علاوہ گرفتار شدہ طالبان کے کمانڈرس کو رہا کیا جائے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فوج اگر طالبان کا کوئی بھی مطالبہ قبول کرتی ہے تو مسائل سے دوچار ہوسکتی ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کے شوری میں اس کے نائب سربراہ قاری شکیل احمد حسانی ترجمان اعظم طارق ،عامر اسلام ،کمانڈر احمد ،انور گاندا پوری اور کوئٹہ ڈیویژن کے لیڈر پیر صاحب ،مولانا عبداللہ شامل ہیں۔ حکومت پاکستان کے مذاکرات کاروں اور طالبان کے درمیان ابتدائی بات چیت ہوئی ہے۔دونوں فریق ایک دہا طویل شورش پسندی کو ختم کرنا چاہتے ہیں جس میں اب تک 40 ہزار اموات ہوئی ہیں۔