پاکستانی صوبہ سندھ میں مندر پر نامعلوم شرپسندوں کا حملہ

کراچی 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ سندھ میں بعض نامعلوم شرپسندوں نے ایک مندر کو نقصان پہنچایا جبکہ یہاں ہندوؤں کا ایک مقدس تہوار صرف دو ہفتوں بعد منایا جانے والا ہے۔ لطیف آباد نامی مقام پر ہنومان مندر کے عبوری نگرانکار نے پولیس کو بتایا کہ کل تین افراد وہاں پوجا کے مقصد سے آئے تھے لیکن پوجا کے فوری بعد اُنھوں نے سب سے پہلے ہنومان کی مورتی کو توڑ دیا اور کیروسین ڈال کر آگلگادی۔ مندر کے عبوری نگرانکار جس کا نام درشن بتایا گیا ہے، نے کہاکہ یہ تماشہ دیکھتے ہی وہ مدد کے لئے چلاّنے لگے تو حملہ آور فوری وہاں سے فرار ہوگئے۔

درشن نے کہاکہ حملہ آوروں کے چہرہ پر نقاب تھی اسی لئے وہ اُنھیں پہچان بھی نہیں سکتا۔ اس مندر میں 14 اپریل کو ہر سال ایک تہوار منایا جاتا ہے۔ لطیف آباد علاقہ میں 500 تا 600 ہندو خاندان آباد ہیں جن کا تعلق درج فہرست ذات سے ہے۔ اُنھوں نے اس واقعہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ حملہ کس فرقہ وارانہ منافرت کی وجہ سے کیا گیا ہو البتہ مقامی ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ثناء اللہ عباس نے بتایا کہ تین نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 15 مارچ کو بھی ایک جنونی ہجوم نے ایک مقدس کتاب کی بیحرمتی کا مبینہ انتقام لیتے ہوئے لاڑکانہ میں ایک مندر اور دھرم شالہ کو نذر آتش کردیا تھا جس کے بعد حالات بگڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا اور فوری طور پر حکام نے وہاں کرفیو نافذ کردیا تھا۔