حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹ نے آج پاکستانی شہری کو دھوکہ دہی اور تلبیس شخصی کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی۔ 18 اگسٹ 2013 ء کو محمد نصیر عرف حکیم محمد نذیر انقلابی جو پاکستانی شہری ہے ، گجرات کے شہر کچھ میں فرضی پاسپورٹ حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو یہ پتہ لگا کہ محمد نذیر نے گجرات کو منتقلی سے قبل چندرائن گٹہ بارکس میں خود کو حکیم ظاہر کرتے ہوئے ایک کلینک قائم کیا تھا۔ اس انکشاف کے بعد اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے حکیم محمد نذیر کو پی ٹی وارنٹ پر گجرات سے حیدرآباد منتقل کیا تھا اور اُس کے خلاف پولیس اسٹیشن چندرائن گٹہ میں مقدمہ درج کرنے کے بعد اِس کیس کی تحقیقات کو ایس آئی ٹی کے حوالے کردیا گیا تھا۔ چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے اجلاس پر مذکورہ پاکستانی شہری کے خلاف مقدمہ چلایا گیا اور آج عدالت نے اُسے دھوکہ دہی اور تلبیس شخصی کے الزامات ثابت ہونے پر 5 سال کی سزائے قید اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔