بہتر ہند ۔ پاک تعلقات کیلئے مسئلہ کی یکسوئی پر توجہ دینا ضروری ‘ این ایس جی میں ہندوستان کی شمولیت میں چین رکاوٹ
واشنگٹن 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے دہشت گرد گروپس کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر مسلسل سرگرمیوں کی برقراری ہندوستان کے ساتھ اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس اہم مسئلہ کو اسلام آباد کی جانب سے حل کیا جانا ہی ہندوستان کے ساتھ اس کے بہترین تعلقات کیلئے ضروری ہے ۔ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی و وسطی ایشیا الیس ویلس نے کہا کہ انسداد دہشت گردی پر بات چیت ہی ہمیشہ ہند ۔ امریکہ تعلقات کا اہم جز رہی ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی کے مسئلہ پر تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسداد دہشت گردی پر مسلسل بات چیت کر رہے ہیں۔ ہم نے گذشتہ ایک سال کے دوران بھی کئی اقدامات کئے ہیں۔ کئی دہشت گرد گروپس پر تحدیدات عائد کی گئی ہیں جن میں لشکرطیبہ کے ایسے چھ گروپس بھی شامل ہیں جو مختلف ناموں سے کام کر رہے تھے ۔ انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ لشکر طیبہ وہ گروپ ہے جو ممبئی حملوں کا ذمہ دار ہے جس میں 166 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ویلس نے کہا کہ اب جبکہ ممبئی حملوں کے دس سال ہونے جا رہے ہیں ہم یقینی طور پر اس بات سے متفکر ہیں کہ یہ گروپس اب بھی پاکستان کی سرزمین پر سرگرمیاں جاری رکھنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی حکومت کی جانب سے الفاظ کے نہیں اقدامات کے منتظر ہیں۔ ویلس نے کہا کہ پومپیو نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستان کی نئی قیادت سے اچھی اور تعمیری بات چیت کی ہے ۔ پومپیو نے پاکستان کے بعد ہندوستان کا بھی دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹری آف اسٹیٹ کیلئے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کا یہ پہلا موقع تھا اور اس موقع پر انہوں نے باہمی تعلقات کی امیدوں کے تعلق سے تفصیلات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے نیوکلئیر سپلائرس گروپ میں ہندوستان کی شمولیت کے مسئلہ کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ چین کے ویٹو کی وجہ سے ہندوستان اس گروپ میں داخلہ حاصل نہیں کرسکا ہے ۔ ہندوستان 48 رکنی ایلیٹ نیوکلئیر سپلائرس گروپ میں شمولیت اختیار کرنے کوشاں ہے ۔ یہی گروپ نیوکلئیر تجارت کو کنٹرول کرتا ہے تاہم چین نے ایک سے زائد مرتبہ ہندوستان کی ان کوششوں میں رخنہ اندازی کی ہے ۔ اس داخلہ کیلئے ہندوستان کو امریکہ اور کئی دوسرے مغربی ممالک کی تائید حاصل ہے تاہم چین اپنے اس موقع پر اٹل ہے کہ گروپ میں نئے ارکان کو شمولیت سے قبل نیوکلئیر عدم پھیلاو معاہدہ پر دستخط کرنا ہوگا ۔ چین کے اس موقف سے اس گروپ میں ہندوستان کا داخلہ مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ یہ گروپ اتفاق رائے کے اصول سے کام کرتا ہے ۔ ہندوستان نے نیوکلئیر عدم پھیلاو معاہدہ پر ہنوز دستخط نہیں کئے ہیں۔ الیس ویلس نے کہا کہ نیوکلئیر سپلائرس گروپ اتفاق رائے سے کام کنرے والی تنظیم ہے ۔ ہندوستان ابھی تک اس لئے رکنیت حاصل نہیں کرسکا ہے کیونکہ اس مسئلہ پر چین کی مخالفت کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک امریکہ کا تعلق ہے وہ چین کے ویٹو کی بنیاد پر باہمی تعاون میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کر رہا ہے اور دونوں ممالک نے اس شعبہ میں بھی اپنے تعاون و اشتراک کو آگے بڑھایا ہے ۔