اسلام آباد۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے طاقتور سربراہ فوج جنرل راحیل شریف نے آج ہندوستان کو انتباہ دیا کہ اگر مبینہ طور پر خط قبضہ پر اشتعال انگیز کارروائیاں کی جائیں تو ہندوستان کو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ معتمدخارجہ جئے شنکر چند ہی دن بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ فوج کے جاری کردہ ایک بیان میں راحیل شریف نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کارگذار سرحد اور خط قبضہ پر ماضی قریب میں بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزیاں پیش آئی ہیں۔ اس سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مہم اور علاقائی استحکام متاثر ہوا ہے۔ فوج کے ترجمان میجر جنرل اسیم سلیم باجوا نے کہا کہ سربراہ فوج نے ہندوستان کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے مقامات کا جو سیال کوٹ کے قریب واقع ہیں ، دورہ کرتے ہوئے ہندوستان کو انتباہ دیا۔