اسلام آباد 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے اُمور خارجہ سرتاج عزیز نے آج وزیر خارجہ ہندوستان سشما سوراج کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بی ایس ایف کی فائرنگ میں پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اِس واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ سرتاج عزیز کو وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے ہدایت دی تھی کہ ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ یہ معاملہ اُٹھایا جائے، واقعہ کی مذمت کی جائے اور دو پاکستانی رینجرس کی 31 ڈسمبر کی بی ایس ایف فائرنگ میں ہلاکت کے خلاف سخت احتجاج درج کروایا جائے۔ بی ایس ایف نے کہاکہ فائرنگ پاکستانی رینجرس کی سامبا ضلع میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف کی طلایہ گرد پارٹی پر فائرنگ کا ردعمل تھا۔ یہ مکتوب ہندوستانی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھون کو معتمد خارجہ پاکستان اعزاز احمد چودھری نے حوالہ کیا اور کہاکہ خاطیوں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
دفتر خارجہ پاکستان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں پر گھات لگاکر حملہ کرنے کی مذمت کی گئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خطہ قبضہ اور عملی سرحد پر امن اور خیرسگالی کی برقراری کو یقینی بنانے کے لئے نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ چودھری سے ملاقات کے دوران راگھون نے پاکستانی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے اُنھیں بے بنیاد قرار دیا اور کہاکہ خط قبضہ اور عملی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ پاکستان کے مفاد میں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کے نفاذ قانون محکمہ اور مسلح افواج ملک گیر سطح پر دہشت گردی اور عسکریت پسندی کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہیں۔ پاکستان نے ہندوستانی سرزمین پر دہشت گرد کارروائیوں کی مدد کا الزام مسترد کردیا۔