پاکستانی جیٹ طیاروں کی بمباری سے 35 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد، 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے نیم قبائلی شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 35 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے، دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی تازہ بمباری میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانے تباہ ہو گئے ہیں۔ تحصیل دتہ خیل میں صبح سویرے کی گئی بمباری میں 35 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ واضح رہے کہ ضرب عضب میں اب تک تقریباً 1000 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ہیں۔

شمالی وزیرستان کے علاقوں کھوجری، میرعلی، میرانشاہ، دتہ خیل، گڑیوم اور جھلار میں 88 کلومیٹر طویل سڑک کلیئر کرا لی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضرب عضب کے تناظر میں خفیہ اطلاعات پر ملک کے دیگر شہروں میں بھی 2274 آپریشن کئے گئے اور اس دوران 42 دہشت گرد مارے گئے اور 114 انتہائی مطلوب ملزمان پکڑے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلوں میں اب تک 82 سکیورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر چکے ہیں جن میں سے 42 شمالی وزیرستان ، 23 فاٹا کی دیگر ایجنسیوں جبکہ 17 ملک کے مختلف علاقوں میں شہید ہوئے۔ دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں 269 جوان زخمی بھی ہوئے۔ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔