راولپنڈی۔ 9 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے مزید 13 دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے 7 ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دیگان میں جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ مہلوکین میں اکثریت غیر ملکی دہشت گردوں کی ہے۔ بمباری کے نتیجے میں دہشت گردوں کے 7 ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں بویا اور دیگان غیر ملکی دہشت گردوں کے مضبوط گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔ اب تک سب سے زیادہ غیر ملکی بھی دیگان میں ہی مارے گئے ہیں۔
26/11 ٹرائل پھر ملتوی
لاہور ۔ 9 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سال 2008 ء کے ممبئی حملے کیس کے 7 ملزمین پر مقدمہ کی سنوائی کرنے والی انسداد دہشت گردی عدالت نے آج یہ سماعت گزشتہ تین ماہ میں پانچویں مرتبہ ملتوی کرتے ہوئے 16 جولائی پر ڈال دی ہے جبکہ استغاثہ کا کوئی وکیل اور کوئی بھی گواہ حاضر نہیں ہوا۔ 28 مئی ، 4 جون ، 18 جون اور 2 جولائی کو بھی سماعت ملتوی کی گئی تھی اور تب مبینہ طور پر سیکوریٹی وجوہات کا سبب بتایا گیا تھا۔پراسیکیوٹر سید ابوذرنے عدالت کو بتایا کہ وہ علیل ہیں۔