پاکستانی جیلوںمیں 445 ہندوستانی محروس

نئی دہلی ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی جیلوں میں جملہ 445 ہندوستانی مقید ہیں جن میں اکثریت ماہی گیروں کی ہے۔ راجیہ سبھا میں آج مملکتی وزیرخارجہ مسٹر وی کے سنگھ یہ اطلاع دی اور بتایا کہ ایک اندازہ کے مطابق 1971ء سے اب تک لاپتہ 74 دفاعی اہلکار بشمول 54 جنگی قیدی پاکستانی جیلوں میں محروس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 392 ہندوستانی ماہی گیر اور دیگر 53 ہندوستانی شہری ان دنوں پاکستان کی حراست میں ہیں۔ ان قیدیوں کی عاجلانہ رہائی اور واپسی کے مسئلہ کو حکومت نے اسلام آباد سے رجوع کیا۔ جنگی قیدیوں کے بارے میں مسٹر وی کے سنگھ نے کہاکہ پاکستان نے ان کی موجودگی کی توثیق نہیں کی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ سال 2015ء میں جملہ 1262 ہندوستانی ماہی گیروں کو سمندری حدود کے باہر گرفتار کرلیا گیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں مسٹر سنگھ نے بتایا کہ بیرونی مملکت میں گذشتہ 3 سال کے دوران مختلف حادثات میں جملہ 2.102 ہندوستانی زخمی یا ہلاک ہوگئے ہیں جن میں 1,575 کو واپس لایا گیا۔ علاوہ ازیں نیپال میں خوفناک زلزلہ کے وقت گذشتہ سال اپریل میں 35 ہزار افراد کا تخلیہ کروایا گیا۔