واشنگٹن ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ ہرش وردھن شرنگلا نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے خلاف پاکستان نے اگر کوئی جارحانہ کارروائی کی تو ہندوستان بھی خاموش نہیں بیٹھے گا۔ واشنگٹن میں واقع متعدد یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی طلباء سے روبرو بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے اس وعدہ کا پابند رہنا چاہئے کہ وہ اپنی سرزمین پر چلنے والے تمام دہشت گرد گروپس کو ختم کردے اور پاکستان کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بننے دے۔ یاد رہیکہ 14 فبروری کو جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں پاکستان کے جیش محمد کے خودکش حملے میں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوان شہید ہوگئے تھے جس کا جواب دیتے ہوئے ہندوستان نے بالاکوٹ میں واقع جیش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے جو صوبہ خیبرپختونخواہ میں واقع تھے جو ایل او سی سے 80 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے جس میں دہشت گردوں، ٹرینرس اور کمانڈرس کی قابل لحاظ تعداد کو ہلاک کردیا گیا۔ اس موقع پر شرنگلا نے تمام طلباء کو تازہ ترین صورتحال سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ 26/11، پٹھان کوٹ اور اوری حملوں میں بھی پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت ہندوستان کی جانب سے فراہم کئے جانے کے باوجود پاکستان نے خاطیوں کے خلاف ہنوز کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔