پاکستانی ایئربیس جمعرات کی نصف شب تک بند رہے گا

اسلام آباد ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایر اسپیس برائے کمرشیل فلائٹس جمعرات کی نصف شب تک بند رہیں گے۔ شہری ہوا بازی نے آج یہ اعلان کیا۔ یاد رہیکہ ہندوپاک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کی وجہ سے اہم ایرپورٹس سے پروازوں کی آمدورفت روک دینے کے باعث ہزاروں مسافرین مختلف ایرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں۔ چہارشنبہ کو شہری ہوا بازی حکام نے اعلان کیا تھا کہ فی الحال موجودہ سیکوریٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی ایئراسپیس کو بند رکھا جائے گا۔ بعدازاں ایک ٹوئیٹ کے ذریعہ یہ وضاحت کی گئی کہ کمرشیل فلائٹس کو جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے جس کا آغاز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایرپورٹ سے کیا گیا تاہم جمعرات کی علی الصبح ایک اور ٹوئیٹ کے ذریعہ یہ اعلان کیا گیا کہ ایراسپیس پر عائد پابندیاں ہنوز جاری ہیں۔ یاد رہیکہ ہندوستانی فضائیہ کے پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کئے گئے حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان سے سینکڑوں ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا۔ جمعرات کے روز ہزاروں مسافرین بنکاک ایرپورٹ پر پھنس گئے کیونکہ تھائی ایرویز نے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی تمام پروازوں کو منسوخ کردیا تھا۔ اسی طرح ایرانڈیا، جیٹ ایرویز، قطر ایرویز اور سنگاپور ایرلائنز نے بھی پاکستان کی جانب سے اپنا ایئربیس بند کردینے پر تمام پروازوں کی فضائی روٹس میں تبدیلیاں کیں۔