اسلام آباد ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج بتایاکہ خصوصی تحقیقات کاروں کی ٹیم جوکہ پٹھان کوٹ فضائی اڈہ پر دہشت گردانہ حملہ کی تحقیقات کررہی ہے، ثبوت اکھٹا کرنے کیلئے بہت جلد ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے آج یہ اطلاع دی۔ تاہم دورہ کی تاریخ اور دیگر تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے گذشتہ ماہ سیویلین اور ملٹری انٹلیجنس ایجنسیوں کے ماہرین پر مشتمل خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی تاکہ 2 جنوری کے حملوں کی تحقیقات کروائی جاسکے۔ وزیرداخلہ چودھری نصار علی خاں نے گذشتہ ہفتہ بتایا تھاکہ ثبوت اکھٹا کرنے کیلئے پاکستانی ماہرین کے دورہ سے اتفاق کرلیا تھا۔ پاکستان نے پہلے ہی پٹھان کوٹ حملہ پر ایک ایف آئی آر درج کرلیا ہے جس کے تحت کسی بھی مشتبہ شخص سے پوچھ تاچھ کی جاسکتی ہے۔ یہ ایف آئی آر پنجاب پولیس کے کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے درج کی ہے۔ تاہم پاکستان کے سرگرم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کا نام نہیں لیا گیا جبکہ ہندوستان نے ہلاکت خیز حملہ کیلئے انہیں اصل منصوبہ ساز قرار دیا تھا۔