پاکستانی انتہاء پسند ذہنیت کو سعودی مالی امداد کی تردید

اسلام آباد۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے آج پاکستانی وزیر کے اس تبصرہ کو مسترد کردیا کہ تیل کی دولت سے مالامال مملکت انتہاء پسند ذہنیت اور دہشت گرد تنظیموںکو دینی مدرسوں کے ذریعہ فروغ دے رہی ہے۔ غیرمعمولی طور پر ایک عوامی بیان جاری کرتے ہوئے سعودی عرب کے سفارتخانہ برائے اسلام آباد نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے مالیہ کی فراہمی کی اطلاعات جس کی حکومت پاکستان کی جانب سے منظوری دی جاچکی ہے، ذرائع ابلاغ کے چند گوشوں میں شائع ہوئی ہیں۔ یہ بالکل بے بنیاد پروپگنڈہ ہے اور مملکت سعودی عرب کے بارے میں غلط تاثر پیدا کرتا ہے۔ دینی مدرسوں کے ذریعہ پاکستان میں انتہاء پسند ذہنیت کو فروغ دینے مملکت سعودی عرب کوئی مالی امداد فراہم نہیں کررہی ہے۔ پاکستان کے وزیر برائے بین صوبائی تعاون ریاض حسین پیر زادہ نے جنوری میں سعودی عرب پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کو انتہاء پسندی کے فروغ کیلئے رقم فراہم کررہی ہے۔