جیسلیمر ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : افغانستان اور پاکستان میں منشیات کے اسمگلرس سے تعلقات کے الزام میں راجستھان کی سرحد سے گرفتار 5 افراد میں سے ایک شخص نے یہ ادعا کیا ہے کہ ایک پاکستانی اسمگلر ہند ۔ پاک سرحد عبور کر کے آیا تھا اور 9 کلو ہیروین حوالے کر کے چلا گیا ۔ پولیس نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ پاکستانی منشیات کا اسمگلر فوٹیا 10 اپریل کو ہندوستانی سرحد میں داخل ہو کر ایک مقامی تاجر جیکب عرف جاکیا کو ہیروین سربراہ کی تھی وہ دن دھاڑے ایک بجے سرحد عبور کر کے آیا اور ہیروین حوالے کرنے کے بعد اپنے ملک واپس چلا گیا ۔ یہ انکشاف 5 ملزمین نے پوچھ تاچھ کے دوران کیا ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ جیسلیمر راجیو پچھار نے بتایا کہ اس انکشاف کے بعد جیکب کو بارمر میں سرحد کے قریب اسی مقام پر لے جایاگیا جہاں پر اس نے پاکستانی اسمگلر سے منشیات حاصل کئے تھے تاکہ مقامی پولیس ، اے ٹی ایس اور بی ایس ایف عہدیداروں کے روبرو اس کے بیان کی توثیق کی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منشیات یہاں سے کولکتہ سربراہ کئے جارہے تھے جبکہ 17 اپریل کو جیسلیمر سے 2 افراد کریم اور ارباب خاں کو اور بارمر سے جیکب ، کونڈا اور ارجن کو 9 کلو ہیروین کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا ۔ پولیس کی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ایک ملزم کونڈا نے جیکب کو ہیروین حاصل کرتے ہوئے دیکھ لیا تھا جس نے پولیس کو اطلاع دینے کی دھمکی دی تھی۔