پاکستانی آئی ایس آئی سربراہ رضوان اختر کا دورہ ٔ امریکہ

اسلام آباد۔ 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاسکتانی جاسوس ادارہ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر اپنے اولین دورہ پر امریکہ روانہ ہوگئے جہاں وہ علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور انٹلیجنس مسائل پر سرکردہ امریکی ذمہ داروں سے تبادلہ خیال کریں گے۔ آئی ایس آئی سربراہ ان اطلاعات کے پس منظر میں امریکہ کا دورہ کررہے ہیں کہ طالبان بھی اب امریکہ اور افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہورہے ہیں جس سے یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ زائد از ایک دہائی سے جاری تخریب کاری کا خاتمہ ہوگا۔ فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’’ڈی جی آئی ایس آئی، سرکاری دورہ پر امریکہ روانہ ہورہے ہیں۔ دورہ کے دوران وہ اپنے امریکی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے اور انٹلیجنس سے متعلق اُمور پر گفت و شنید کی جائے گی‘‘۔ لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے گزشتہ سال نومبر میں آئی ایس آئی کے سربراہ کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالا تھا۔ توقع ہے کہ وہ اپنے دورہ کے موقع پر طالبان سے متعلق مسائل ، انٹلیجنس معلومات کے تبادلے، سرحدی سلامتی میں بہتری کے علاوہ علاقائی و باہمی اُمور پر بھی امریکی حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔