اسلام آباد۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات پیر سے شروع ہورہے ہیں۔مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری کریں گے۔سنیچر کو واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان محکمہ خارجہ مارک ٹونر نے کہا کہ ان مذاکرات میں خطے میں امن اور استحکام سے متعلق امور زیر بحث لائے جائیں گے جبکہ تجارتی امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں خطے میں درپیش مسائل اور خطرات سمیت دہشت گردی سے نمٹنے کے بارے میں بات کی جائے گی۔ہندوستانی ریاست پنجاب میں پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈے پر حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے کالعدم جیش محمد کے خلاف کارروائی اور پاکستان ہندوستان تعلقات کے حوالے سے مارک ٹونر نے کہا کہ ’’ ہم ماضی میں بھی پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعاون کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں‘‘۔
پشاور اور ہنگو میں پولیو کے دو نئے مریض
پشاور۔ 27 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور ضلع ہنگو میں دو شیرخوار بچوں کے پولیو کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ان مریضوں کے سامنے آنے کے بعد صوبے میں رواں برس نئے مریضوں کو تعداد تین جبکہ ملک بھر میں پانچ تک پہنچ گئی ہے۔جن دو بچوں میں پولیو کا مرض پایا گیا ہے ان میں سے ایک کے والدین نے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا جبکہ دوسرا ماضی میں یہ ویکسین پیتا رہا ہے۔پشاور میں پولیو سے متاثر ہونے والے بچے کا نام جریر بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 21 ماہ ہے اور اس کے والدین نے اسے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی اجازت نہیں دی تھی۔