پانی

پانی قدرت کا اہم عطیہ ہے ۔اس کی اہمیت اور افادیت سے شاید ہی کوئی انکار کرے ۔ پانی ہماری زندگی اور ہمارے جسم کا سب سے اہم جزو ہے ۔ اس کے بغیر حیات انسانی کی بقاء ممکن نہیں ۔ انسان کھانے کے بغیر شاید زندگی گذار سکتا ہے مگر پانی کے بغیر زندگی گذارنا ناممکن ہے ۔ پانی ہمارے جسم کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ یہ فضلات کا اخراج کرنے اور خون کو پتلا رکھنے میں مدد دیتا ہے ۔ تاکہ خون منجمد نہ ہونے پائے اور خون آسانی سے سارے جسم میں گردش کرسکے ۔ گرمیوں میں پانی کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے ۔ پانی گرمیوں میں جسم کے درجہ حرارت کو اعتدال پر رکھتا ہے ۔ گرمیوں میں اس کا استعمال زیادہ کرنا چاہئے تاکہ پسینے کے ذریعہ جو نمکیات ضائع ہوجاتے ہیں ان کی کمی کو پورا کیا جاسکے ۔ پانی کا کچھ حصہ غذاؤں میں بھی پایا جاتا ہے ۔ یہ غذا کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ اگرچہ یہ غدائیت نہیں رکھتا تاہم اس کی افادیت مسلمہ ہے ۔ انسان کو روزانہ تقریباً ڈھائی سیر پانی استعمال کرنا چاہئے ۔