پانی کے بحران والے علاقوں پر حکومت کی گہری نظر : وزیر زراعت

نئی دہلی،30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے آج کہا کہ تقریباً 4.41 لاکھ دیہی گھروں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے اور حکومت 10 ریاستوں میں خشک سالی کی صورتحال پر روزانہ کی اساس پر گہری نگرانی کررہی ہے۔ انھوں نے ایک بیان میں بتایا کہ ملک میں 1.71 ملین دیہی مکانات ہیں۔ ان میں سے زائد از 25 فیصد (4,41,390) گھروں کو پینے کی پانی کی شدید قلت کا سامنا ہورہا ہے۔ وزیر موصوف نے آبی بحران کی یکسوئی کیلئے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔ اور بتایا کہ ٹینکروں کے ذریعے پانی 15,345 گھروں کو سربراہ کیا گیا ہے، 13,372 پرائیویٹ بورویلز کھودے گئے ہیں تاکہ واٹر سپلائی کو بڑھایا جائے اور 44,498 نئے بورویلز شروع کئے گئے ہیں۔ 7,38,650 ہینڈ پمپس کی بحالی؍ مرمت ہوئی ہے اور اس کے علاوہ 1,398 جگہ پائپ کے ذریعے پانی کی عارضی سربراہی قائم کی گئی ہے۔