پانی کی تقسیم میں تلنگانہ کے ساتھ بدترین ناانصافی

حیدرآباد۔/19نومبر، ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کالوا کنٹلہ چندر شیکھر راؤ نے آج الزام عائد کیا کہ پانی کی تقسیم کے معاملہ میں تلنگانہ کے ساتھ بدترین ناانصافی کی گئی ہے اور اگر ضروری ہو تو وہ اس مسئلہ پر آبی ٹریبونل میں شخصی طور پر رجوع ہوتے ہوئے بحث کریں گے۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں آج پانی اور آبپاشی کے پراجکٹوں پر کی گئی بحث میں حصہ لیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ماضی میں متحدہ آندھرا پردیش کے حکمرانوں نے تلنگانہ میں پراجکٹوں کی تکمیل کو دانستہ طور پر روک دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت آپباشی پراجکٹوں کی تکمیل کیلئے مخلصانہ مساعی کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تحریک تلنگانہ کا بنیادی نعرہ ’ پانی‘ مالیہ اور روزگار ‘ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے سری سیلم بائیں بازو کے کنال کی تکمیل نہیں کی اور پانی کی تقسیم کے معاملہ میں تلنگانہ کے ساتھ بدترین ناانصافی کی گئی۔ چنانچہ حکومت تلنگانہ اپنے ساتھ کی گئی ناانصافیوں کے ازالہ کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سری سیلم اور بائیں بازو کی کنال کے پراجکٹ کی تکمیل کے عمل میں ہنوز کئی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ انجینئروں سے وہ اس مسئلہ پر ڈھائی گھنٹے تک بات کرچکے ہیں۔ ان مسائل میں صرف اس وقت ہی کمی ہوسکتی ہے جب دنڈی اور پنڈی پاکا پراجکٹوں کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے خواہش کی کہ وہ خود ہی بتائیں کہ طویل عرصہ سے زیر تعمیر اس پراجکٹ کی تکمیل کب ہوگی۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ بہت جلد اس مسئلہ پر کل جماعتی اجلاس طلب کریں گے۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ’ پانی، مالیہ اور روزگار‘ کیلئے جدوجہد کرنے والے تلنگانہ عوام کے تمام خواب صدفیصد پورے ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اچم پلی پراجکٹ ہر قیمت پر تعمیر کیا جائے گا اور دریائے کرشنا سے پانی کے حصول کے معاملہ میں ریاست تلنگانہ کو انصاف دلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو دریائے کرشنا اور گوداوری کا پانی یقیناً حاصل ہوگا ورنہ مستقبل میں ہماری نسلیں بری طرح متاثر ہوں گی۔

آبپاشی پراجکٹ پر آج اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/19نومبر، ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سری سیلم لیفٹ بینک کنال کے مسئلہ پر کل دوپہر 12بجے اسمبلی کے میٹنگ ہال میں منعقد شدنی اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ، چیف سکریٹری راجیو شرما اور تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔