پانی کیلئے مہاراشٹرا سے تلنگانہ کا معاہدہ دھوکہ،آج تمام اضلاع پر سیاہ جھنڈیوں سے احتجاج کا اعلان ، اتم کمار ریڈی

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے مہاراشٹرا سے کیے جانے والے معاہدہ کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے 23 اگست کو تلنگانہ کے تمام اضلاع ہیڈکوارٹرس پر سیاہ جھنڈیوں کے ساتھ احتجاجی دھرنے منظم کرنے کی کانگریس قائدین کو ہدایت دی ہے ۔ آج گاندھی بھون سے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور مہاراشٹرا حکومت سے دریائے گوداوری کے پانی کے استعمال کے لیے معاہدہ کرنے 23 اگست کو ممبئی روانہ ہورہے ہیں ۔ ٹی آر ایس اس کو تاریخی معاہدہ قرار دیتے ہوئے تلنگانہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس کی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ پر چیف منسٹر تلنگانہ اور چیف منسٹر مہاراشٹرا دستخط کررہے ہیں ۔ جس کے خلاف کانگریس کے تمام قائدین 23 اگست کو تلنگانہ کے تمام اضلاع کلکٹرس پر سیاہ جھنڈیوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کلکٹرس کو یادداشت پیش کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد دوبارہ نئے معاہدے پر دستخط کرنا لازمی ہے ۔ تاہم اس کو نئے اور تاریخی معاہدے کے طور پر پیش کرنا ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو پانی سیراب کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینا مضحکہ خیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے تحت تمڈی ہٹی بیارج کی بلندی 152 میٹر کو گھٹا کر 148 کردینا تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہونچانے کے مترادف ہے ۔ اس سے تلنگانہ کو زیادہ نقصانات ہونے کا دعوی کیا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کو کسانوں اور زرعی شعبہ کے نقصانات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے صرف کالیشورم پراجکٹ تعمیر کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کمیشن حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ وہ چیف منسٹر تلنگانہ کے خفیہ ایجنڈے پر سنجیدگی سے غور کریں اور حکومت کو سبق سکھانے کے لیے کانگریس کی جانب سے منگل کو اضلاع کلکٹرس پر منظم کیے جانے والے احتجاج میں شریک ہوتے ہوئے اس کو کامیاب بنائے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کانگریس کیڈر پر زور دیا کہ وہ احتجاجی دھرنوں کو کامیاب بناتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کی سازش کو بے نقاب کریں ۔۔