پانی چاہئے یا شراب ورنگل کے عوام فیصلہ کریں ‘ ہریش راؤ

حیدرآباد 3 مارچ ( این ایس ایس ) وزیر آبپاشی و مارکٹنگ ٹی ہریش راؤ نے آج ورنگل کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو کامیاب بنائیں ۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران ہریش راؤ نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی اور کہا کہ وہ رائے دہندوں کو پیسے اور شراب سے رجھانے کی کوشش کر رہی ہیں اور حکومت پر جھوٹی تنقیدیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں سے کہا کہ وہ اس بات کا فیصلہ کریں کہ انہیں ووٹ ڈالنے شراب اور 1000 روپئے چاہئیں یا وہ ڈبل بیڈ روم مکانات او ر ہمیشہ پینے کیلئے پانی چاہتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار شہر میں عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات دلائیں گے اور ان کی خدمت کرینگے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئی ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں اور ورنگل شہر میں 15000 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ ورنگل شہر کی ترقی کیلئے حکومت نے 300 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ یہاں ہر گھر کو پینے کا پانی فراہم کرنے بہت جلد مشن بھاگیرتا کا بھی آعاز کیا جائیگا ۔