پانچ گھنٹوں کی جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فضائی حملوں کا آغاز ‘ کئی اہم ٹھکانے نشانہ

غزہ / یروشلم 17 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیلی جنگی طیاروں نے پانچ گھنٹوں کی عارضی جنگ بندی کے ایک بعد بار پھر غزہ پر اپنی وحشیانہ بمباری اور حملوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ یہ جنگ بندی بھی اچانک ختم ہوگئی جب اسرائیل نے الزام عائد کیا کہ حماس کے عسکریت پسندوں کی جانب سے جنگ بندی کیلئے جاری زبردست سفارتی کوششوں کے باوجود اسرائیل میں راکٹس داغے ہیں۔ گذشتہ 10 دن سے جاری اسرائیلی بمباری اور حملوں میں اب تک 230 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی خواہش پر انسانی امداد پہونچانے کے مقصد سے پانچ گھنٹوں کیلئے عارضی جنگ بندی کی گئی تھی تاہم یہ مدت ختم ہوتے ہی اسرائیل کے حملوں کا دوبارہ آغاز ہوگیا اور پوری شدت کے ساتھ بمباری کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملوں میں دو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ کم از کم تین مورٹار شیلس غزہ سے داغے جانے کا اسرائیلی فوج نے ادعا کیا ہے اور کہا کہ اس شلباری کے نتیجہ میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا ہے ۔ اسرائیلی دفاعی افواج نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے اس شلباری کا شدت کے ساتھ جواب دیا گیا ہے ۔

ان واقعات کے باوجود اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ دونوں ہی فریقین کی جانب سے اقوام متحدہ کی اپیل پر جنگ بندی کا بڑی حد تک احترام کیا گیا ہے ۔ اقوام متحدہ کا ادعا ہے کہ فلسطینی عوام کو غذائی اجناس ‘ پانی اور دوسری ضروری اشیا کا ذخیرہ کرنے کیلئے پانچ گھنٹوں کی جنگ بندی نافذ کی گئی تھی ۔ یہ ادعا کیا جارہا ہے کہ جنوبی اسرائیل میں اس جنگ بندی کے دوران فضائی حملوں کے سائرن خاموش تھے اور جنگ بندی محسوس کی گئی ۔ اس وقفہ کے دوران فلسطینی عوام دوکانوں اور بینکوں پر جمع ہوگئے اور انہوں نے ضروری اشیا حاصل کیں۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اگر حماس یا دوسری دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے انسانی بنیادوں پر نافذ کی گئی جنگ بندی کا استحصال کیا اور اسرائیل کے خلاف حملے کئے گئے تو اس کا سختی کے ساتھ موثر انداز میں جواب دیا جئایگا۔ قبل ازیں مستقل جنگ بندی کیلئے کی جانے والی شدید کوششیں ناکام ہوگئی تھیں اور اسرائیل نے اچانک ہی فضائی حملے شروع کردئے تھے ۔ حماس نے مصر کی جانب سے کی جانے والی جنگ بندی کی کوششوں کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا کہ اس میں غزہ کے شہریوں کیلئے کوئی آزادی نہیں ہے ۔ گذشتہ دس دن سے جاری اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک جملہ 230 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں اور دیگر سینکڑوں باشندے زخمی ہوگئے ہیں۔