نئی دہلی 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے کہاکہ پانچ ریاستوں میں گزشتہ دو دن کے دوران طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش اور بجلی گرنے کے نتیجہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 124 تک پہونچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد کے مطابق سب سے زیادہ 73 افراد اترپردیش میں ہلاک ہوئے ہیں۔ راجستھان میں 35 ، تلنگانہ میں 8 ، اتراکھنڈ میں چھ اور پنجاب میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہاکہ چار ریاستوں مغربی بنگال، اڈیشہ، بہار اور اترپردیش میں طوفانی ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کے اندیشوں کے ساتھ تازہ وارننگ جاری کی گئی ہے۔