پانچ ریاستوں میں آندھی 87 ہلاک

نئی دہلی ۔ 14 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے کہا ہیکہ ملک کے چھ ریاستوں کے 38 اضلاع میں طوفانی ہواؤں ، گرج چمک کے ساتھ غیرموسمی بارش اور بجلی گرنے کے سبب کم سے کم 87 افراد ہلاک اور دیگر 148 زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اُترپردیش میں 53 افراد ، مغربی بنگال میں 17، آندھراپردیش میں 13، تلنگانہ میں 3،دہلی میں 2 ، اُتراکھنڈ میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ اُترپردپش میں 83 ، دہلی میں 11 ، اُتراکھنڈ میں دو افرادزخمی ہوئے ہیں۔ اُترپردیش کے 24 ، بہار میں چھ مغربی بنگال کے چھ ، آندھراپردیش کے تین ، اتراکھنڈ اور تلنگانہ کا ایک ایک ضلع آندھی اور بجلی گرنے سے متاثر ہوا ہے ۔ ان ریاستوں میں بڑے پیمانے پر املاک کو بھی نقصانات پہونچے ہیں۔ ہماچل پردیش ، پنجاب ، ہریانہ ، چندی گڑھ ، مدھیہ پردیش ، جھارکھنڈ ، آسام ، میگھالیہ ، مہاراشٹرا ، کرناٹک ، کیرالا اور ٹاملناڈو کے بعض مقامات طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے اکثر ریاستیں 12 دن قبل بھی آندھی اور بجلی گرنے کے واقعات سے بری طرح متاثر ہوئی تھیں جس کے نتیجہ میں وہاں مجموعی طورپر 134 افراد ہلاک اور دیگر 400 زخمی ہوگئے تھے ۔