پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تواریخ کا اعلان

چھتیس گڑھ میں 12 اور 20 نومبر ،مدھیہ پردیش ، میزورم میں 28 نومبر ، راجستھان اور تلنگانہ میں 7 ڈسمبر کو رائے دہی

۔11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی

نئی دہلی ۔ /6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے پانچ ریاستوں چھتیس گڑھ ، مدھیہ پردیش ، منی پور ، راجستھان اور تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کی تواریخ کا آج اعلان کردیا ۔ جس کے مطابق چھتیس گڑھ میں دو مرحلوں میں /12 اور /20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ مدھیہ پردیش اور میزورم اسمبلیوں کے انتخابات /28 نومبر کو منعقد ہوں گے ۔ راجستھان اور تلنگانہ میں ایک ہی مرحلہ /7 ڈسمبر کو ووٹ ڈالے جائیںگے ۔ چیف الیکشن کمشنر او پی راؤت نے ان تواریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام پانچ ریاستوں میں /11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور اسی روز نتائج کا اعلان کردیا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی ان پانچ ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے ۔ 50 رکنی میزورم اسمبلی کی میعاد /15 ڈسمبر 2018 ء کو ختم شدنی تھی ۔ 90 رکنی چھتیس گڑھ اسمبلی کی میعاد /5 جنوری 2019 ء کو ختم ہورہی تھی ۔ 230 رکن مدھیہ پردیش اسمبلی کی میعاد /7 جنور ی 2019 ء تک تھی ۔ 200 رکنی راجستھان اسمبلی کی میعاد /20 جنوری 2019 ء تک تھی ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے لوک سبھا کے ساتھ اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے گریز کے لئے /6 ستمبر کو ایوان کو تحلیل کردیا تھا ۔ راوت نے کہا کہ تمام پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں وی وی پیٹ مشینس استعمال کی جائیں گی ۔