پانچ روپیوں میں کھانے کی توسیعی اسکیم ، حکومت کا اعلان وفا نہ ہوسکا

حیدرآباد۔15۔اکتوبر (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پانچ روپئے میں کھانے کی اسکیم کے 50 مراکز 2 اکتوبر سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن تاحال نئے مراکز کا آغاز عمل میں نہیں آیا۔ ابتدائی طور پر بلدیہ کی جانب سے تین مراکز کے ساتھ پانچ روپئے میں کھانے کی اسکیم شروع کی گئی تھی اور بتدریج اس میں اضافہ کرتے ہوئے 10 مراکز قائم کئے گئے ہیں لیکن ان مراکز پر کامیابی کے ساتھ جاری اسکیم کو مدنظر رکھتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اعلان کیا تھا کہ 2 اکتوبر سے مزید 50 فوڈ سنٹرس کا آغاز عمل میں لایا جائے گا ۔ بلدی عہدیداروں کے بموجب ان مراکز کے آغاز کیلئے مقامات کی نشاندہی کرلی گئی تھی

لیکن ان مراکز کے عدم آغاز کی وجوہات کا عہدیداروں کو بھی کوئی علم نہیں ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے کئی اسکیمات و منصوبوں کے متعلق بڑے بڑے دعوے تو کئے جارہے ہیں لیکن ان پر عمل آوری کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آرہی ہے کہ جتنے اعلانات بلدیہ کر رہی ہے، ان میں نصف پر بھی مکمل عمل آوری نہیں کی جارہی ہے۔ فوڈ سنٹرس کے آغاز کے متعلق متعدد مرتبہ اعلانات کے باوجود اب تک صرف 10 سنٹرس چلائے جانا اس بات کی دلیل ہے کہ بلدی عہدیداروں کو اس طرح کی اسکیمات کو وسعت دینے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ منتخبہ ارکان بلدیہ کے علاوہ اسٹینڈنگ کمیٹی کی جانب سے بھی عہدیداروں کی توجہ نئے فوڈ سنٹرس کے آغاز کی جانب مبذول کروائی گئی لیکن عہدیدار اس مسئلہ پر بالکلیہ طور پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر نئے 50 کھانے کے مراکز کے آغاز کے اعلان کے متعلق عہدیداروں سے دریافت کرنے پر کوئی بھی تشفی بخش جواب دینے کے موقف میں نہیں ہے اور یہ کہتے ہوئے ٹالا جارہا ہے کہ تمام بلدی عہدیدار 11 ویں میٹرو پولس ورلڈ کانگریس کے تیاریوں اور انعقاد میں مصروف تھے اسی لئے اس اسکیم پر کوئی توجہ نہیں دی جاسکی۔ علاوہ ازیں یہ کہا جارہا ہے کہ اس اسکیم کا آغاز بلدیہ نے غیر سرکاری تنظیم کی معاونت سے کیا ہے اور اس تنظیم سے مشاورت کے بعد ہی مزید 50 نئے فوڈ سنٹرس کا آغاز متوقع ہے۔ فی الحال جو مراکز مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائے جارہے ان کی کارکردگی پر عہدیدار اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں لیکن اسکیم کو مزید وسعت دینے کے متعلق کوئی بھی خاطر خواہ جواب دینے تیار نہیں ہے۔