پانچ بوتھ لیول آفیسران کی معطلی

فہرست رائے دہندگان میں کی تقسیم میں غفلت پر کارروائی

حیدرآباد۔20 اپریل( سیاست نیوز) شہر میں رائے دہندوں کو ووٹرس لسٹ کی تقسیم کے معاملہ میں غفلت برتنے والے بوتھ لیول عہدیداروں کو کمشنر بلدیہ و ضلعی انتخابی عہدیدار مسٹر سومیش کمار نے آج معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے آج حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کے علاوہ خیرت آباد حلقہ اسمبلی سے جملہ 5 بوتھ لیول آفیسرس کو معطل کرنے کے احکام جاری کئے ہیں جن میں مجلس بلدیہ کے ملازم منان کے علاوہ اکشرا جیوتی سے تعلق رکھنے والی چار خاتون ملازمین جوریہ، عطیہ سلطانہ، نور فاطمہ اور حفیظہ فاطمہ شامل ہیں جو کہ محکمہ تعلیم بالغاں سے تعلق رکھتی ہیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے بوتھ لیول عہدیداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ سیاسی جماعتوں سے مدد حاصل کرنے کی قطعی کوشش نہ کریں ورنہ ان کے خلاف اس سے بھی زیادہ سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کم از کم 25 مراکز رائے دہی کا نہ صرف معائنہ کریں بلکہ مراکز رائے دہی کے حدود میں ووٹرس لسٹ کے تقسیم کے عمل کا بھی باضابطہ جائزہ لیں۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جمہوری عمل میں حصہ داری کو بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں 30 اپریل کو رائے دہی کے دن نہ صرف عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے بلکہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے تمام شاپن مالس، سنیما ہالس، ہوٹلس پارٹکس کے علاوہ تفریحی مقامات کو انتخابی اوقات کار کے درمیان مکمل بند رکھنے کی ہدایت جاری کی جارہی ہے تاکہ عوام رائے دہی کے دن کو تعطیل کا دن تصور نہ کریں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے انتخابات میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حق کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ مسٹر سومیش کمار نے اپنے ماتحتین کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں مختلف طریقوں سے رائے دہی کے متعلق شعور بیداری مہم چلائیں تاکہ انتخابی عملہ اپنی ذمہ داری بخوبی نبھاسکے اور 2014 ء عام انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں نمایاں اضافہ ہو۔