نئی دہلی ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے آج ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے پانچ بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی ہے۔ انہیں پونے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہیکہ وہ دہشت گردوں کی مدد کرتے ہوئے انہیں پناہ دے رہے تھے۔ ان پانچ افراد میں محمد حبیب الرحمن حبیب، رپن حسین، حنان انورخان، محمد حسن علی محمد، امیرعلی اور اظہر سبحان السلام بھی شامل ہیں۔ یہ لوگ بنگلہ دیش کی انصاراللہ بنگلہ ٹیم کے ارکان ہیں جو القاعدہ کی محاذی تنظیم ہے۔ یہ چارج شیٹ تعزیرات ہند کی اہم دفعات کے تحت داخل کی گئی ہیں۔ پونے پولیس نے مارچ میں شہر سے پانچ بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا تھا اور یہ کیس بعدازاں این آئی اے کو منتقل کیا گیا۔ این آئی اے کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ تمام ہندوستان میں مقیم تھے۔ ان کے پاس کوئی کارآمد دستاویزات نہیں تھے۔ ان لوگوں نے دھوکہ سے پیان کارڈ، آدھار، ووٹرآئی ڈی اور راشن کارڈ بھی حاصل کیا تھا۔ ان پانچوں نے آدھار اور پیان کارڈ کی مدد سے سم کارڈس بھی حاصل کئے اور بینکوں میں اکاؤنٹس بھی کھولے تھے۔