پانچویں مرحلہ میں 63.5 فیصد رائے دہی ، جموں و کشمیر و مغربی بنگال میں تشدد کے واقعات

نئی دہلی۔6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پانچویں مرحلہ کے لوک سبھا انتخابات میں 63.5 فیصد رائے دہی 7 ریاستوں کے 51 حلقوں میں ریکارڈ کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے انکشاف کیا کہ 8.75 کروڑ رائے دہندوں نے 674 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کردیا جن میں اعلی سطحی قائدین صدر کانگریس راہول گاندھی، صدرنشین یو پی اے سونیا گاندھی اور مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 96 ہزار مراکز رائے دہی قائم کیے تھے جن میں سے اعظم ترین تعداد 26072 مراکز رائے دہی یو پی میں قائم کیے گئے تھے تاکہ بلارکاوٹ انتخابات منعقد کیے جاسکیں۔ ریاست جموں کشمیر کے حلقہ پلوامہ میں دو دھماکے ہوئے جبکہ مغربی بنگال میں ٹی ایم سی اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان جھڑپ کی اطلاع ملی۔ 7 ریاستوں میں بحیثیت مجموعی 63.5 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ الیکشن کمیشن کے بموجب 57.33 فیصد یعنی 2.47 کروڑ مستحق افراد نے یو پی کی 14 نشستوں کے لیے اپنے ووٹ استعمال کیے۔ یہاں پر صدر کانگریس راہول گاندھی، یو پی اے صدرنشین سونیا گاندھی اور مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ اور سمریتی ایرانی مقابلے میں تھے۔ راجستھان میں 63.78 فیصد رائے دہی 12 نشستوں کے لیے ریکارڈ کی گئی جبکہ ایم پی کی 7 لوک سبھا نشستوں کے لیے 63.88 فیصد رائے دہی، 57.86 فیصد بہار اور جھارکھنڈ کی چار نشستوں کے لیے 63.72 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ مغربی بنگال کی 7 نشستوں کے لیے 74.42 فیصد رائے دہندوں نے اپنے ووٹ استعمال کیے جہاں پر ترنمول کانگریس اور بی جے پی کارکنوں نے ایک دوسرے میں حملے کیے ۔ بم اندازی میں ایک امیدوار اور مرکزی فورسس کے لاٹھی چارج میں زخمی ہوا۔ بان گائوں (ایس سی) انتخابی حلقہ، بارک پور، ہبلی اور ہوڑا انتخابی حلقوں میں بم اندازی ہوئی۔ ریاست جموں و کشمیر کے علاقے لداخ میں 63 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ عسکریت پسندوں سے متاثرہ اضلاع شوپیان اور پلوامہ میں بمشکل 3 فیصد رائے دہی ہوئی۔ اننت ناگ حلقہ میں قطعی اور تیسرے مرحلہ کے انتخابات کی بنسبت عسکریت پسندوں کی دھمکی اور علیحدگی پسندوں کے بائیکاٹ کی بناء پر 3 فیصد زیادہ رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ ضلع پلوامہ میں روہومو انتخابی حلقہ میں اور شوپیان کے انتخابی حلقہ ترال میں بم اندازی کے واقعات ہوئے لیکن دونوں واقعات میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ بحیثیت مجموعی رائے دہندوں کی تعداد 8.76 فیصد زیادہ تھی اور 2014ء میں اننت ناگ سے 18 امیدوار بشمول صدر ٹی ڈی پی مقابلے میں تھے جہاں 28.54 فیصد رائے دہی ہوئی تھی۔ امیتھی نشست سے مرکزی وزیر بی جے پی امیدوار سمریتی ایرانی نے اپنے حریف صدر کانگریس راہول گاندھی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ بوتھ پر قبضے کرنے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایک ویڈیو سین اور ٹوئٹر بھی روانہ کی تھی لیکن چیف الیکشن آفیسر نے کہا کہ معاملہ کا مکمل جائزہ لیا گیا اور اسے بے بنیاد پایا گیا۔ امیتھی میں 53 فیصد، رائے بریلی میں 53.68 اور لکھنو میں 63 فیصد رائے دہی ہوئی۔(سلسلہ صفحہ 3 پر )