عنقریب چیف منسٹر کی منظوری ، 11 اپریل کو صداقت ناموں کی جانچ مقرر
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں پالی ٹیکنیک کنٹراکٹ لکچرارس کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لیے ریاستی محکمہ فنی تعلیم نے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ 165 کلیر جائیدادوں پر خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ لیکچرارس کو پہلے مرحلہ میں ان کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لیے کمشنر ریاستی محکمہ فنی تعلیم شریمتی وانی پرساد نے قطعی منظوری کے لیے فائیل چیف منسٹر کو روانہ کی ہیں ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور سمجھا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ 11 اپریل کو خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ لکچرارس کے صداقت ناموں کی جانچ کی جائے گی اور ان صداقت ناموں کی جانچ کے لیے ریاستی محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن آفس کے آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی ( او ایس ڈی ) ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹر اور اسسٹنٹ ڈائرکٹرس ریاستی محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ 165 کلیر ویکنسیز ( جائیدادوں ) پر کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والوں کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے بعد ماباقی کنٹراکٹ لیکچرارس پالی ٹیکنکس کی خدمات کو مرحلہ وار اساس پر باقاعدہ بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔۔